5 اکتوبر جلاو گھیراو کیس: پولیس رپورٹ میں سلمان اکرم راجہ قصوروار قرار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور میں 5 اکتوبر کے جلاو گھیراو کے واقعات میں پاکستان تحریک انصاف رہنما سلمان اکرم راجہ سمیت 7 ملزمان کو پولیس رپورٹ میں قصور وار قرار دے دیا گیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں 5 اکتوبر کو جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔
اس موقع پر عدالت نے سلمان اکرم راجہ ، ایم پی اے امتیاز وڑائچ اور ندیم عباس بارا کی عبوری ضمانت کنفرم کردی۔
دوران سماعت پولیس نے تھانہ اسلام پورہ کے مقدمے میں رپورٹ پیش کر دی جس میں پولیس نے سلمان اکرم راجہ سمیت 7 ملزمان کو قصوروار قرار دے دیا، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان پر لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ مستی گیٹ اور لاری اڈا کے مقدمات میں تفتیش رپورٹ طلب کر لی جبکہ اسلام پورہ کے مقدمے میں آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔
عدالت نے عبوری ضمانتوں میں 12 اپریل تک توسیع کر دی۔
سلمان اکرم راجہ نے سماعت کے بعد عدالت سے باہر صحافیوں سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی ڈیل سے باہر نہیں آئیں گے، وہ کئی بار بنی گالہ جیسی آفرز کو مسترد کرچکے ہیں، عمران خان ملک میں آئین و قانون کی بالدستی کے لیے جیل میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے اور قوم بھی ایسا چاہتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *