مضبوط پٹھے بنانے کے لیے کتنا پروٹین ضروری ہے؟

لندن (قدرت روزنامہ) پٹھے مضبوط بنانے کے لیے پروٹین کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا مگر کیا واقعی زیادہ مقدار میں پروٹین لینا ضروری ہے؟ ماہرین کے مطابق ایک عام غیر متحرک بالغ شخص کے لیے روزانہ 0.8 گرام پروٹین فی کلوگرام وزن کافی ہوتا ہے۔ لیکن اگر کوئی فرد وزن اٹھاتا یا سخت ورزش کرتا ہو تو یہ مقدار 1.6 سے 2.2 گرام فی کلوگرام تک جا سکتی ہے۔
بی بی سی کے مطابق زیادہ تر لوگ اپنی خوراک سے ہی مناسب پروٹین حاصل کر لیتے ہیں۔ انڈے، دہی، گوشت، مچھلی، دالیں اور سویا مصنوعات ہی جسم کی ضرورت کے مطابق پروٹین فراہم کردیتے ہیں تاہم کچھ لوگ پروٹین سپلیمنٹ بھی استعمال کرتے ہیں۔ مگر ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ پروٹین پاؤڈرز کا استعمال اعتدال میں کیا جائے کیونکہ ان میں بعض اوقات نقصان دہ اجزاء پائے جاتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیادہ پروٹین لینے سے گردوں پر بوجھ پڑ سکتا ہے اور کچھ افراد کو ہاضمے کے مسائل بھی ہو سکتے ہیں۔ اس لیے پروٹین کے ساتھ متوازن غذا، مناسب ورزش اور نیند کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔