اپنے شو میں بھارتی فوجی کو نازیبا جنسی عمل کرتا ہوا دکھانے پر ایکتا کپور بڑی مشکل میں پھنس گئیں

ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ پروڈیوسر ایکتا کپور ایک بار پھر قانونی مسائل میں الجھ گئی ہیں۔ اس بار ان کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم آلٹ بالاجی پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیت اور بگ باس کے سابق امیدوار ہندوستانی بھاؤ نے ان پر بھارتی فوجیوں کی توہین کا الزام لگایا ہے۔ ان کی شکایت پر ایک مقامی عدالت نے ممبئی پولیس کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
نیوز 18 کے مطابق باندرہ مجسٹریٹ کورٹ نے ممبئی پولیس کو ہندوستانی بھاؤ کی 2020 میں دائر کردہ شکایت کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ 9 مئی تک تعزیری ضابطہ فوجداری کی دفعہ 202 کے تحت اپنی رپورٹ پیش کرے۔ ہندوستانی بھاؤ نے ایکتا کپور، ان کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم آلٹ بالاجی، اور ان کے والدین، شوبھا کپور اور جیتندر کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ایکتا کپور کے شو میں بھارتی فوجیوں کی توہین کی گئی ہے۔
اپنی شکایت میں ہندستانی بھاؤ نے الزام لگایا کہ ایکتا کپور کے پلیٹ فارم پر نشر ہونے والے ایک شو میں ایک فوجی افسر کو ایسی حالت میں “نازیبا جنسی عمل” میں ملوث دکھایا گیا ہے جب وہ اپنی وردی میں تھا۔ شکایت میں کہا گیا کہ ملزمان نے انتہائی گھٹیا حرکت کرتے ہوئے بھارتی فوج کی وردی کو ایک غیر اخلاقی جنسی عمل میں پیش کیا ہے۔ اس سے ملک کی عزت اور وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔”
ابھی تک ایکتا کپور اور آلٹ بالاجی کی ٹیم نے عدالت کی اس ہدایت پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایکتا کپور کو اپنے سٹریمنگ پلیٹ فارم کے مواد کی وجہ سے قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ 2024 میں بھی ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ جبل پور سے بی جے پی کے ایم ایل اے ابھیلاش پانڈے نے ان پر ویب سیریز “گندی بات” میں بچوں کے ساتھ “بولڈ مواد” دکھانے کا الزام لگایا تھا۔