گھوڑے پر بیٹھے دولہے کو ہارٹ اٹیک ، جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

بھوپال (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپور میں بارات کے دوران دولہا کو دل کا دورہ پڑا اور وہ گھوڑے پر ہی دم توڑ گیا۔ یہ واقعہ جمعہ کی رات اس وقت پیش آیا جب 26 سالہ پردیپ جاٹ اپنی بارات کے ساتھ شادی ہال جا رہے تھے۔

نیوز 18 کے مطابق یہ حادثہ شیوپور ٹاؤن میں واقع جاٹ ہاسٹل میں پیش آیا۔ دولہا پردیپ جاٹ روایتی لباس میں گھوڑے پر سوار تھا اور اپنی بارات کے ہمراہ شادی ہال کی جانب بڑھ رہا تھا تاہم اچانک اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ آہستہ آہستہ گھوڑے پر ہی بے ہوش ہونے لگا۔ سوشل میڈیا پر اس دل دہلا دینے والے واقعے کی ویڈیو سامنے آئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پردیپ جاٹ گھوڑے پر بیٹھے بیٹھے آگے جھکنے لگے اور ہوش کھو بیٹھے۔ ایک رشتہ دار نے انہیں سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ گھوڑے سے نیچے گر کر بے جان ہو گئے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب نوجوانوں میں دل کی بیماریوں کے حوالے سے بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔