وزیر اعلیٰ بلوچستان کا نوجوان پائلٹس کے لیے انقلابی اقدام وائی پی ڈی پی – 1 پروگرام کا آغاز

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کی ڈی جی ایوی ایشن ونگ بلوچستان کیپٹن علی آزاد اور انٹرنی پائلٹس کے ہمراہ پریس کانفرنس


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان حکومت نے ہوابازی کے شعبے میں ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے نوجوان پائلٹ ترقیاتی پروگرام (وائی پی ڈی پی – 1) کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فلائٹ ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہوابازی کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ اقدام پاکستان میں کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے پہلی بار اٹھایا گیا ہے جو ہوابازی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوان پائلٹس کو 200 اضافی فلائٹ آورز کی تربیت دی جائے گی جس سے ان کے عملی مہارتوں میں نمایاں بہتری آئے گی ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ پائلٹس کو نہ صرف معیاری تربیت دی جائے گی بلکہ انہیں مالی معاونت کے طور پر وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بلا کسی مالی دباؤ کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں، اور وائی پی ڈی پی – 1 بلوچستان میں ہوابازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اس اقدام سے بلوچستان کے نوجوانوں کو عالمی ہوابازی کے میدان میں مسابقت کے قابل بنایا جائے گا اور انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی ترجیح ہے کہ ہوابازی کے شعبے میں مزید مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو ایک نیا افق فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر اس پروگرام کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے پریس کانفرنس میں ڈی جی ایوی ایشن ونگ بلوچستان کیپٹن علی آزاد بھی موجود تھے جنہوں نے اس پروگرام کی اہمیت اور تکنیکی تفصیلات پر روشنی ڈالی ان کے ہمراہ ٹرینی پائلٹس بھی شریک تھے جو اس تاریخی اقدام کو بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک انمول موقع قرار دے رہے ہیں ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو خود مختار بنانے اور بلوچستان کو ہوابازی کے میدان میں ایک اہم مرکز بنانے کے عزم کا مظہر ہے جس میں حکومت بلوچستان کے کوئی اضافی اخراجات نہیں آررہے بلکہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
پروگرام میں خواتین کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ شہداء کے بچوں کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے گلگت بلتستان سے ایک بھی باصلاحیت بچی کو اس پروگرام کے فیز 1میں شامل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کر کے انہیں ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *