چیف جسٹس سے سینئر وکلا کی ملاقات، انصاف تک رسائی مضبوط بنانے کیلئے اہم اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ )چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سینئر وکلا کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ “رسائی برائے انصاف” پروگرام کے تحت ان کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہیں اور انصاف تک رسائی مضبوط بنانے کے لئے ہزارہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے حوالے سے بتایا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ہزارہ ڈویژن کے سینئر وکلا نے ملاقات کی، ہزارہ ڈویژن بار ایسوسی ایشنز کے سینئر وکلا کے وفد کی قیادت بار کے صدر سردار امان نے کی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انصاف تک رسائی مضبوط بنانے کے لئے ہزارہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا کی اجتماعی دانش اور کردار ایک موثر عدالتی نظام کے لئے ناگزیر ہے، وکلا اور عدلیہ کا باہمی تعاون قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا برادری کے تعاون کے بغیر منصفانہ اور موثر عدالتی نظام کے مقصد کو حاصل نہیں کیا جا سکتا۔سینئر وکلا کے وفد نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور چیف جسٹس کو ہزارہ ڈویڑن بار ایسوسی ایشنز اور سائلین کو درپیش چیلنجز اور وکلا کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
چیف جسٹس نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ “رسائی برائے انصاف” پروگرام کے تحت ان کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہیں اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اپنی ویب سائٹ پر تربیتی پروگرامز اپلوڈ کر چکی ہے، ہزارہ بار ڈویژن کے وکلا ان کورسز سے مستفید ہو کر اپنی قانونی مہارت اور پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں۔