چیمپئنز ٹرافی میں پہلی کامیابی کے بعد روہت شرما کی گفتگو

دبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی کپتان روہت شرما نے بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی میچ میں اترنے سے پہلے اعتماد ضروری ہوتا ہے۔روہت کا کہنا تھا کہ ہدف کے تعاقب میں مختلف جذبات آتے ہیں، لیکن ہمیں تیار رہنا ہوتا ہے۔ بھارتی ٹیم ایسے دباؤ کے لمحات سے پہلے بھی گزر چکی ہے اور ہمارے ڈریسنگ روم میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جو پُرسکون رہنے کا ہنر جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ KL راہول اور شبمن گل نے آخر میں زبردست تحمل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو کامیابی سے ختم کیا۔بھارتی کپتان نے شبمن گل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس کے پاس کتنا کلاس ہے، وہ شاندار بیٹنگ کر رہا ہے اور آج جو اس نے کیا، وہ کسی کے لیے حیران کن نہیں ہونا چاہیے۔روہت نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں شاید شبمن گل کو کل ڈنر پر لے جاؤں کیونکہ میں نے ایک آسان کیچ چھوڑا جو اکشر پٹیل کی ہیٹ ٹرک مکمل کر سکتا تھا۔ مجھے وہ کیچ لینا چاہیے تھا، لیکن ایسی چیزیں کھیل میں ہوتی رہتی ہیں۔
روہت کے مطابق وکٹ پر زیادہ گھاس نہیں تھی، ہمیں معلوم تھا کہ پچ سست ہوگی اور ایسا ہی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بطور ٹیم بھارت نے کنڈیشنز کے مطابق شاندار بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کیا۔روہت شرما نے کہا کہ شامی نے لمبے انتظار کے بعد موقع حاصل کیا اور اپنی شاندار بولنگ سے اپنی اہمیت ثابت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ہم شامی کو گیند تھماتے ہیں، وہ کوئی نہ کوئی جادوئی کارکردگی دکھاتے ہیں۔آخر میں روہت نے کہا کہ پچ کا اندازہ نہیں لیکن یہ ممکنہ طور پر آج جیسی ہی ہوگی، کیونکہ میں کیوریٹر نہیں ہوں جو اس پر کوئی حتمی بات کر سکوں۔ 23 فروری کو میدان میں آئیں گے اور دیکھیں گے کہ کنڈیشنز کیسی ہیں۔