پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی ملاقات


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے زرداری ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور صوبے میں جاری ترقیاتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے بلوچستان کے لیے ویژن کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی منشور کے تحت سندھ کی طرح بلوچستان کے عوام کو بھی صحت کی مثالی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
فریال تالپور نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قوم کو درپیش تمام چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دورِ صدارت میں بلوچستان کے حقوق کے لیے اہم اقدامات کیے جیسے کہ آغاز حقوقِ بلوچستان اور سی پیک منصوبہ، جو صوبے کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوئے۔
فریال تالپور نے یہ بھی بتایا کہ صدر آصف علی زرداری اس وقت تاجکستان سے پاکستان تک پانی کی فراہمی کے میگا منصوبے کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سرگرم عمل ہیں، جس سے بلوچستان کی ترقی میں ایک نیا انقلاب آئے گا۔
اس ملاقات میں سینیئر رہنما و ایم این اے میر منور علی تالپور بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *