رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.27 فیصد مزید بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کی شرح کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.27 فیصد کا اضافہ ہوا، ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 1.21 فیصد ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق بے لگام چینی کی قیمتوں میں مسلسل بارہویں ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا ہے، ایک ہفتے میں چینی ایک روپے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی، ملک میں چینی کی اوسط قیمت 155 روپے 27 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 11 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، حالیہ ہفتے انڈے 19 روپے 65 پیسے کیلے 18 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں برائلر مرغی 19 روپے 78 پیسے، لہسن 7 روپے 54 پیسے، مٹن 4 روپے 30 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، حالیہ ہفتے بیف 5 روپے 36 پیسے فی کلو اور دال مسور 46 پیسے فی کلو مہنگی ہوئِی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں 16 اشیاء سستی جبکہ 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا، حالیہ ہفتے ٹماٹر 1 روپے 58 پیسے، دال چنا 4 روپے 13 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیاز 1 روپے 2 پیسے، آلو 61 پیسے، دال ماش، خوردنی گھی، دال مونگ اور 20 کلو آٹے کا تھیلا بھی سستا ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *