بالی وڈ چھوڑنے پر کوئی افسوس نہیں، معروف اداکارہ کا دلچسپ انکشاف

ممبئی (قدرت روزنامہ) معروف اداکارہ اور بگ باس 18 کی سابقہ امیدوار شلپا شیروڈکر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے فلمی دنیا کو چھوڑ کر شادی کا فیصلہ اپنی ماں کے مشورے پر کیا تھا، اور انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ ان کے مطابق ان کی ماں ہمیشہ کہتی تھیں کہ ہر چیز اپنے وقت پر ہوتی ہے۔
شلپا شیروڈکر نے ٹائمز آف انڈیا ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا “میں نے 2000 میں شادی کی اور میری ماں کا ماننا تھا کہ ہر کام صحیح وقت پر ہونا چاہیے، ورنہ بعد میں انسان صرف شکایت کرتا ہے کہ وہ یہ یا وہ کر سکتا تھا۔ اس لیے میرے لیے آگے بڑھنا ضروری تھا اور 26-27 سال کی عمر میں ایک لڑکی کے لیے اگلا قدم شادی تھا۔ میں نے شادی کر لی اور خوشی خوشی فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی والدہ کے فیصلوں پر اعتماد کیا اور انہیں کبھی کوئی افسوس نہیں ہوا۔ وہ کبھی بھی ہندوستان چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں، لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ ان کی تقدیر میں یہی لکھا تھا کہ وہ ہندوستان سے باہر چلی جائیں اور اسی وجہ سے وہ یہاں کام جاری نہ رکھ سکیں۔ وہ مکمل طور پر ایک گھریلو خاتون بن گئیں۔
شلپا شیروڈکر نے بگ باس 18 میں 102 دن گزار کر ناظرین کے دل جیتے لیکن فائنل سے کچھ دن پہلے ہی وہ شو سے باہر ہو گئیں۔ ان کے جانے سے نہ صرف مداح بلکہ ان کے گھر والے بھی جذباتی ہو گئے۔ بگ باس 18 کے ٹاپ 6 امیدواروں میں کرن ویر مہرا، ویوین دسینا، چم دارانگ، عائشہ سنگھ، اویناش مشرا، اور راجت دلال شامل تھے، جبکہ کرن ویر مہرا نے یہ سیزن جیتا۔ شلپا شیروڈکر کی آخری فلمی اسکرین پر موجودگی ایم ایف حسین کی فلم گج گامنی تھی جس میں ان کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ مرکزی کردار نبھا رہی تھیں۔