چیمپیئنز ٹرافی: براڈکاسٹ میں پاکستان کا نام نہ ہونے پر پی سی بی نے آئی سی سی سے وضاحت مانگ لی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ کی لائیو براڈکاسٹنگ کے دوران پاکستان کا نام نہ دکھائے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
کرکٹ کی خبروں سے متعلق ویب سائٹ کرکٹ انفو کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان نے اپنے تحفظات کے ساتھ آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی، 1996 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا پہلا بین الاقوامی ایونٹ ہے۔
کرکٹ انفو ویب سائٹ کے مطابق اس سے قبل آئی سی سی نے پی سی بی کو آگاہ کردیا تھا کہ بھارت بنگلہ دیش میچ کی براڈ کاسٹنگ کے دوران مبینہ تکنیکی غلطی کی وجہ سے پاکستان کا نام لکھے جانے سے رہ گیا اور آئندہ کے میچز میں ایسا نہیں ہوگا تاہم یہ وضاحت پی سی بی کو مطمئن نہ کرسکی۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے شروع ہونے سے قبل ہی بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ ایونٹ تنازعات کا شکار رہا۔ انڈیا نے چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستان میں ہونے والے میچز کھیلنے سے انکار کرکے ہائبرڈ ماڈل پر اصرار کیا جس کی وجہ سے ایونٹ کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر ہوتی رہی اور انڈیا کے میچز دبئی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹورنامنٹ سے قبل ایسی اطلاعات بھی تھیں کہ بی سی سی آئی بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرٹس پر پاکستان کا نام لکھنے کی اجازت نہیں دے گا، تاہم بعد میں بھارتی کھلاڑیوں کی شرٹس پر چیمپیئنز ٹرافی کے میزبان ملک پاکستان کا نام لکھا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *