ٹھنڈا دودھ تیزابیت کوکم کرتا ہے یا بڑھاتا ہے؟ ماہرین کا انکشاف

لاہور (قدرت روزنامہ) تیزابیت ایک عام مسئلہ ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر پیدا ہو سکتا ہے، جیسے مسالے دار کھانا، ذہنی دباؤ، یا کھانے کی بے قاعدہ عادات۔ لوگ عام طور پر اس کا علاج کرنے کے لیے گھریلو طریقے اپناتے ہیں، اور ان میں سے سب سے زیادہ مقبول طریقہ ٹھنڈا دودھ پینا ہے۔
آج نیوز کے مطابق عام خیال ہے کہ دودھ ٹھنڈا ہوتا ہے، اس لیے وہ پیٹ میں جلن کو کم کر دیتا ہے۔ تاہم، ہرعلاج ہر کسی کے لیے مؤثر نہیں ہوتا، اور بعض اوقات یہ علامات کو مزید بڑھا بھی سکتا ہے۔
کیا ٹھنڈا دودھ تیزابیت میں مدد کرتا ہے؟ ماہرین غذائیت کے مطابق، مکمل چکنائی والا دودھ تیزابیت میں کمی کی بجائے اس میں اضافہ کر سکتا ہے۔ اس دودھ میں موجود پروٹین اور چکنائی پیٹ میں تیزاب کی پیداوار کو بڑھا سکتے ہیں، جس سے یہ مسئلہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
لیکن، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو دودھ پینا بند کر دینا چاہیے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ آپ مکمل چکنائی والے دودھ کی بجائے کم چکنائی والے یا سکمڈ دودھ کا استعمال کریں، تاکہ آپ کے پیٹ پر کم اثر پڑے۔ مزید یہ کہ دودھ حقیقت میں الکلائن نہیں ہوتا، بلکہ یہ تھوڑا تیزابیت والا ہوتا ہے، جو تیزابیت کو بڑھا سکتا ہے۔
اگر آپ دودھ کے علاوہ کوئی متبادل چاہتے ہیں تو، ماہرین بعض دیگر مشروبات کی سفارش کرتے ہیں، جیسے کہ تلسی کے بیجوں کا پانی، دھنیا اور پودینے کے پتے، زیرا اور سونف پاؤڈر کا مرکب یا گلکند کا پانی۔
اگرچہ فوری آرام دینے کے علاج بھی موجود ہیں، لیکن طویل مدتی غذائی تبدیلیاں تیزابیت کو روکتی ہیں۔ ماہر غذائیت اس ضمن میں کچھ مفید تجاویزات دیتے ہیں۔
چھوٹے نوالے کھانے سے تیزابیت میں کمی آتی ہے اور ہاضمہ بہتر ہوتا ہے، خاص طور پر اگر آپ وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہوں۔
اگر آپ کو روزانہ کافی سے تیزابیت میں اضافہ ہوتا ہے تو ادرک یا جڑی بوٹیوں والی چائے استعمال کریں، جو ہاضمہ میں مدد دیتی ہے۔
پروسیسڈ اسنیکس کی بجائے گری دار میوے اور بیج جیسے بادام، کاجو اور فلیکس کے بیج استعمال کریں۔
کھٹے پھل تیزابیت کو بڑھا سکتے ہیں، لہذا سیب، ناشپاتی، تربوز اور کیلے جیسے میٹھے پھل کھائیں۔ یہ پھل فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں اور ہاضمے میں مدد دیتے ہیں۔
ڈیری دودھ کی جگہ بادام یا ناریل کے دودھ جیسے پلانٹ پر مبنی دودھ استعمال کریں، جو ہضم کرنے میں آسان اور روزمرہ کے استعمال کے لیے بہترین ہیں۔