مادری زبان کا تحفظ ثقافتی خودمختاری اور فکری آزادی کی ضمانت ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مادری زبان کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ مادری زبان کسی بھی قوم کی پہچان، ثقافت اور ورثے کی سب سے قیمتی علامت ہوتی ہے۔مادری زبان کا تحفظ دراصل ہماری ثقافتی خودمختاری اور فکری آزادی کی ضمانت ہے۔ مادری زبان جذبات کے اظہار کا ذریعہ، ہماری تاریخ، روایات اور تہذیب کو نسل در نسل منتقل کرنے کا اہم وسیلہ ہے۔زبانیں صرف بولنے اور لکھنے کا ذریعہ نہیں ہوتیں بلکہ یہ قوموں کی ترقی اور یکجہتی کی بنیاد بھی رکھتی ہیں۔مادری زبانوں کے تحفظ کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر کو مزید فعال کیا گیا ہے-پنجاب حکومت مادری زبانوں کی ترقی اور ترویج کے لیے پُرعزم ہے، یہ ہماری شناخت کا اہم جزو ہیں۔ مادری زبانوں کے تحفظ کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر کو مزید فعال کیا گیا ہے- نئی نسل کو اپنی مادری زبان کے ساتھ جوڑ رہے ہیں تاکہ وہ اپنی ثقافت اور تاریخ سے واقف رہیں -تعلیمی نصاب میں زبانوں کی ترقی، تحقیق اور فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔مادری زبان کی حفاظت اور فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے-