چیمپئنز ٹرافی: پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک روزہ میچز کے بارے میں اعدادوشمار کیا بتاتے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میگا ایونٹ میں آج دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے اوراپنے دفاعی چیمپئن کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے یہ میچ جیتنا ناگزیر ہے۔
اس سے قبل پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایک روزہ میچز اور چیمپئنز ٹرافی میں مقابلوں کےاعدادوشمار جاننا ضروری ہے۔
پاکستان اور انڈیا نے آج تک 135 ون ڈے میچز میں ایک دوسرے کا مقابلہ کیا ہے، جن میں سے پاکستان 73 جبکہ انڈیا 57 میچز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے اور 5 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کی بات کی جائے تو اس میں 2004 سے اب تک پاکستان اور بھارت کے 5 مقابلے ہوئے ہیں، پاکستان ان میں سے 3 جبکہ بھارت 2 میچز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔
انڈیا نے کسی بھی ایک روزہ کرکٹ میں اب تک پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ 356 رنز کا ریکارڈ 2005 میں بنایا تھا جبکہ سب سے کم اسکور سیالکوٹ میں 1978 میں محض 79 رنز کا بنایا۔
دوسری طرف پاکستان نے انڈیا کے خلاف سب سے زیادہ اسکور 344 رنز کا 2004 میں بنایا مگر انڈیا یہ ہدف بھی مکمل کرنے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان کے انڈیا کے خلاف کسی بھی ایک روزہ میچ میں سب سے کم اسکور 87 رنز کا تھا جو 1985 میں انہوں نے شارجہ میں بنایا۔
انفرادی کھلاڑیوں میں پاکستان کے انضمام الحق کو انڈیا کے خلاف 67 ایک روزہ میچز میں 2403 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ دوسری طرف انڈیا کے سچن ٹنڈولکر نے 69 ایک روزہ میچز میں 2526 رنز اسکور کیے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *