سابق گرل فرینڈ کے نئے تعلق پر برہم نوجوان نے پہلے بھائی کو اغوا کیا، پھر دوستوں کے ساتھ مل کر محبوبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

ممبئی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے بھیونڈی میں 22 سالہ خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے۔ خاتون کے سابق بوائے فرینڈ نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اس کے ساتھ زیادتی کروائی۔ نیوز 18 کے مطابق جب خاتون نے اپنے پرانے بوائے فرینڈ کو چھوڑ کر نیا رشتہ شروع کیا تو اس کا سابق محبوب مشتعل ہو گیا اور اس نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر گھناؤنا جرم انجام دیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق خاتون کو اس کے سابق بوائے فرینڈ نے اغوا کیا اور پھر اپنے چار دوستوں کے ساتھ مل کر اجتماعی زیادتی کی۔ متاثرہ خاتون اور مرکزی ملزم کئی سالوں تک تعلق میں تھے۔ لیکن جب خاتون نے کسی اور کے ساتھ تعلق قائم کیا تو اس کا سابق بوائے فرینڈ غصے میں آ گیا۔ اس نے پہلے متاثرہ کے بھائی کو اغوا کیا اور پھر زبردستی اس سے اپنی بہن کو بلوانے پر مجبور کیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کو رات گئے اس کے بھائی کا فون آیا جس میں اس نے مدد کی درخواست کی۔ جب وہ اپنے بھائی کی مدد کے لیے پہنچی تو ملزمان نے اسے، اس کے بھائی اور رکشہ ڈرائیور کو بے دردی سے پیٹا۔ بعد ازاں ملزمان نے متاثرہ خاتون کو پہلے ایک سکول کے قریب اور پھر فاطمہ نگر میں ایک پک اپ وین کے اندر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون کسی طرح جان بچا کر بھیونڈی پولیس سٹیشن پہنچنے میں کامیاب ہو گئی جہاں اس نے واقعے کی تمام تفصیلات بتائیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور چھ ملزمان کے خلاف اجتماعی زیادتی اور دیگر دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔پولیس حکام کے مطابق، اب تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے لیکن ان کی تلاش جاری ہے۔