دبئی پولیس مساج کارڈز چھاپنے والے پرنٹنگ پریس کے خلاف حرکت میں آگئی

دبئی (قدرت روزنامہ) پولیس نے غیر قانونی مساج کارڈز کی پرنٹنگ میں ملوث چار پرنٹنگ پریس بند کر دیے اور متعدد ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ جو بھی ان سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی پولیس نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ ان غیر قانونی کارڈز پر دیے گئے نمبروں پر ہرگز رابطہ نہ کریں کیونکہ اس سے چوری، بلیک میلنگ یا دیگر خطرناک سرگرمیوں میں پھنسنے کا امکان ہوتا ہے۔ یہ کارڈز زیادہ تر بغیر لائسنس والے اور غیر قانونی مساج سینٹرز کی تشہیر کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان پر فحش تصاویر اور بعض اوقات اداکاراؤں کی تصویریں بھی ہوتی ہیں جو بچوں سمیت عام عوام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کرمنل انویسٹی گیشن نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جو 24 گھنٹے ان مساج کارڈز سے متعلق شکایات وصول کرے گی۔ پولیس نے عوام کو تاکید کی کہ اگر انہیں کسی علاقے میں ایسے کارڈز ملیں تو فوراً اطلاع دیں۔ رپورٹنگ کے لیے شہری ٹول فری نمبر 901 پر کال کر سکتے ہیں یا دبئی پولیس ایپ پر “پولیس آئی” سروس کا استعمال کر سکتے ہیں۔