دبئی میں نشے میں دھت شخص نے 2 سکوٹر چرالیے، پھر اس کے ساتھ کیا ہوا؟


دبئی(قدرت روزنامہ)دبئی کی جرائم کی عدالت نے 28 سالہ مصری شخص پر دو ای سکوٹر چوری کرنے کے الزام میں دو ہزار درہم جرمانہ عائد کر دیا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ واقعہ 20 اپریل 2024 کو پیش آیا جب ملزم نے رات ایک بجے کے قریب دبئی کے وارسان 4 میں اپنے گھر پر شراب نوشی کی۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد وہ باہر نکلا اور ایک بیکری کے پیچھے دو الیکٹرک سکوٹرز کھڑے دیکھے۔ ان سکوٹرز کی چابیاں ان میں ہی لگی ہوئی تھیں اور ملزم نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں چُرا لیا اور فرار ہوگیا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق بیکری کے مالک نے عدالت میں بتایا “اگلی صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب مجھے ایک ملازم کی کال موصول ہوئی کہ ای سکوٹر چوری ہو گئے ہیں۔” ملزم نے دو دن تک سکوٹرز اپنے پاس رکھے یہاں تک کہ ان کی بیٹریاں ختم ہو گئیں۔ بعد ازاں وہ قریبی گروسری سٹور پر انہیں چارج کروانے لے گیا، جہاں بیکری کے ملازم نے انہیں پہچان لیا اور پولیس کو اطلاع دے دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفتیش کے دوران ملزم نے چوری اور شراب نوشی دونوں جرائم کا اعتراف کیا، تاہم عدالت میں پیشی کے دوران اس نے دونوں الزامات سے انکار کر دیا۔عدالت نے ابتدائی طور پر ملزم کو ایک ماہ قید کی سزا سنائی لیکن اپیل کورٹ نے سزا پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے دو ہزار درہم کا جرمانہ عائد کر دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *