انسانی اعضا بیچنے والا گروہ کا کارندہ رنگے ہاتھوں گرفتار ، ایک گردہ کتنے میں خریدا جارہا تھا؟ جانیے

پشاور(قدرت روزنامہ ) گردے کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار‘ پشاور سے انسانی اعضا بیچنے والا گروہ پکڑا گیا۔پشاور میں ایکسائز پولیس نے انسانی اعضا نکالنے اور بیچنے والے گروہ کے کارندے کو گرفتار کرلیا، ملزم شہزاد علی ملتان کے رہائشی محسن اور راشد کو پشاور گردے نکالنے کے لیے لایا تھا۔
ایکسائز پولیس کے حکام نے بتایا ملزم نے 2 لاکھ 80 ہزار روپے کے عوض 2 افراد کے گردے خریدنے کی ڈیل کر رکھی تھی۔گرفتار ملزم کا گروہ مجبور افراد کے گردے نکالنے اور فروخت کرنے کے کاروبار میں ملوث ہے، ملزم کے موبائل فون سے کئی متاثرہ افراد کی لاتعداد ویڈیوز بھی ملی ہیں، گرفتار ملزمان مزید تفتیش کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ مئی 2024 میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (پی ہوٹا) کی ٹیم نے لاہور کے آزادی چوک پر چھاپا مار کارروائی کے دوران نجی ہسپتال میں غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا تھا۔ایف آئی اے اور پی ہوٹا کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لاہور میں چھاپا مار کارروائی کی تھی، کارروائی کے دوران غیرقانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کرنے کے الزام میں گروہ کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکٹر اویس اور اس کا کینگ 5 سال سے غیرقانونی پیوند کاری کر رہا تھا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان اشتہاری تھے جن کی گرفتاری کے لیے پہلے بھی متعدد چھاپے مارے گئے لیکن گینگ کو پکڑا نہیں جا سکا تھا۔پولیس نے بتایا کہ چھاپا مار ٹیم نے کارروائی کے دوران مریض اور گردہ عطیہ کرنے والے شخص کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔