مغربی ہوائیں ملک میں داخل، 2 مارچ تک شدید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مغربی ہوائیں ملک میں داخل۔ بارشوں کا نیا سپیل برسنے کو تیار۔ آج شام سے برسات ہوگی۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان۔ بالائی وادیوں میں برفباری متوقع۔ محکمہ موسمیات نے 2 مارچ تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہوچکا ہے۔ ملک کے بیشتر مقامات پر آج شام سے بادل برسیں گے۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کے بلند مقامات پر کل سے 2 مارچ تک شدید برفباری ہوگی۔مری اور گلیات میں کل سے یکم مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ بلوچستان اور سندھ میں 25 سے 26 فروری کے درمیان ہلکی بارش کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری سے مری، گلیات، ناران، کاغان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے۔ خیبر پختونخوا اور کشمیر میں فلیش فلڈنگ کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔