کے الیکٹرک کا مختلف امور پر کنسلٹنٹس کی مدد سے اراکین پارلیمنٹ سے رابطوں کا انکشاف

کمیٹی رکن ناز بلوچ نے سی ای او کے الیکٹرک کے کمیٹی اجلاس میں رویے پر اظہار برہمی کیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کے الیکٹرک کا مختلف امور پر اراکین پارلیمنٹ سے کنسلٹنٹس کی مدد سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی ناز بلوچ نے کے الیکٹرک کے کنسلٹسن کے ذریعے رابطوں کا معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں اٹھا دیا۔
قائمہ کمیٹی اجلاس میں رکن ناز بلوچ نے کہا کہ کنسلٹنٹس کمیٹی اجلاس کے بعد کے الیکٹرک کی وکالت کرتے ہیں، کے الیکٹرک کی جانب سے کنسلٹنٹس کے زریعے رابطہ کیا گیا، قائمہ کمیٹی پروسیڈنگ میں کنسلٹنٹس کے ذریعے مداخلت کی کوشش کی گئی۔
ناز بلوچ نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کے الیکٹرک کیلئے قائمہ کمیٹی فورم موجود ہے، کے الیکٹرک کیسے براہ راست کسی بھی معاملے پر ارکان کمیٹی کو اپروچ کر سکتی ہے؟
کمیٹی رکن مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کراچی کے عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کیلئے کی گئی، کراچی کے عوام کو مہنگی بجلی مل رہی ہے اور ترسیلی نظام بھی درست نہیں، کے الیکٹرک نے کرونا کے دوران 40 ارب کی سبسڈی صنعتوں کو تاحال فراہم نہیں کی۔
سی او کے الیکٹرک مونس علوی نے قائمہ کمیٹی اجلاس کو بریفنگ دی اور کہا کہ اکتوبر 2021سے جون 2022تک ہم نے سبسڈی دی، اضافی گروتھ پر باقی سبسڈی صنعتوں کو دینا تھی۔
سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ کورونا کے دوران ہماری گروتھ گر گئی، سبسڈی کی پوزیشن میں نہیں رہے، کراچی کی انڈسٹری کو سبسڈی نہیں ملی، ان کا حق ہے، 7 ارب کی سبسڈی جو حکومت نے دی تھی، وہ ہم پاس آن کر چکے، باقی ہم سے وہ سبسڈی مانگی گئی جو حکومت نے دی ہی نہیں۔
صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے کہا کہ کے الیکٹرک سبسڈی صارفین کو منتقل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
کمیٹی رکن ناز بلوچ نے سی ای او کے الیکٹرک کے کمیٹی اجلاس میں رویے پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ پہلی تو کے الیکٹرک کے سی ای او آتے نہیں تھے اب آکر اس طرح بات نہ کی جائے، ہم یہاں اپنی ذات کی بات نہیں کررہے ہیں، کے الیکٹرک کے سی ای او اپنی کمپنی کا دفاع کریں مگر کمیٹی میں اس طرح بات نہ کریں۔
نیپرا حکام نے بتایا کہ باقی ڈسکوز نے صنعتوں کیلئے حکومت کے مقررکردہ ریٹ 12روپے 95پیسے فی یونٹ کر دی، کے ای نے کورونا کے دوران صنعتی صارفین سے اپنا ٹیرف چارج کیا۔
قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں معاملے پر چیئرمین نیپرا کو طلب کرلیا، قائمہ کمیٹی نے کے ای کو آؤٹ آف کورٹ معاملہ ختم کرنے کی پیشکش کی، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ نیپرا چئیرمین، کے ای کو بٹھا کر معاملے کا حل نکالتے ہیں، سی ای او کے ای مونس علوی نے کہا کہ اگر فیصلہ موزوں ہوا تو مانیں گے، خلاف ہوا تو قانونی فورمز کا حق ہے۔
سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیرف پر فراہم کی گئی سبسڈی صارفین کی سہولت کے لیے مقرر ہے، کووڈ کے دوران وزیراعظم کا انڈسٹریل سپورٹ پیکیج متعارف کیا گیا، پہلے رعایتی پیکیج کے تحت کے الیکٹرک حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی صارفین تک منتقل کر چکا ہے۔
سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیرف پر فراہم کی گئ سبسڈی صارفین کی سہولت کے لیے مقرر ہے، یہ پیکیج بڑھا دیا گیا تھا جس میں تجویز کردہ طریقے کار ٹیرف ڈھانچے سے مختلف تھا،
فی الحال، یہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، کے الیکٹرک حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی صارفین تک منتقل کر چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بقایا سبسڈی کی مد میں کے الیکٹرک کو حکومت پاکستان کی جانب سے رقم نہیں ملی ہے،
اس مد میں نا کوئی رقم ملی اور نا ہی ایڈجسٹ ہوئی، اس معاملے پر گفتگو اور مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اس مسلے کا حل تلاش کرینگے اور بھرپور طریقے سے کام کرینگے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *