عوام تیار ہوجائیں ! شدید بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے شدید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کردی، مغربی ہواؤں کا سسٹم آج ملک میں داخل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے بارش کا نیا اسپیل داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج سے مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ شمالی اورپہاڑی علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارش اوربرف باری کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں پچیس فروری سے دو مارچ تک شدید بارش اوربرف باری متوقع ہے اور پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے۔
خیبرپختونخوا میں یکم مارچ تک بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی، جس سے خیبر پختونخوا اور کشمیرمیں فلیش فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے، اس کے پیش نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلوچستان میں 26 فروری تک کوئٹہ، زیارت اورگردونواح میں بارش،برفباری کاامکان ہے جبکہ سندھ میں 25 سے 26 فروری تک لاڑکانہ، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔