پاکستان ٹیم میں گروپنگ پر یونس خان نے کیا کہا؟ محمد عامر نے لب کشائی کردی


کراچی (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دبئی ہونے والے اہم میچ میں بھارت سے عبرتناک شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کے نشتر برسانے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے نجی چینل پر ایک پروگرام میں گروپنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی بار میڈیا پر یہ بات بتا رہا ہوں، اس سے قبل میں نے میڈیا پر اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ 2009میں میں نے نیوزی لینڈ کے خلاف73رنز بنائے تھے سعید اجمل کے ساتھ، سیریز ہم ہار گئے تھے، یونس بھائی نے مجھے اور دو یا تین نوجوان کھلاڑیوں کوروم میں بلایا۔
یونس بھائی اس وقت کپتان تھے، انہوں نے کہا کہ جو ٹیم میں ہورہا ہے وہ سب مجھے پتہ ہے، مجھے آپ لوگوں کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن تم لوگ بچے ہو، تم لوگوں نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، تم لوگوں کو کسی چیز میں نہیں پڑنا، تم لوگوں کا پورا فوکس صرف پرفارم کرنے پر ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جتوانا ہے اور یہ باقی جو چل رہا ہے، اس کو میں ہینڈل کروں گا، میں لیڈر ہوں، اس کو کیسے صاف کرنا ہے،کیسے لے کر چلنا ہے، آپ لوگوں نے اس میں بالکل بھی نہیں پڑنا۔
عامر کا کہنا تھا کہ یہ ایک لیڈر کا رول ہوتا ہے، میں اُن کی آج تک اس لئے عزت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس میں لیڈر کا بڑا رول ہوتا ہے کہ اسے نوجوان کھلاڑیوں کو کیسے لے کر چلنا ہے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ بالر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھارت سے شکست پر قومی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ”ہر بار کا یہی رونا ہے“ پاکستانی ٹیم نے قوم کو مایوس کیا، سابق فاسٹ بالر نے کہا کہ کل کے میچ میں ہماری اور بھارت کی باڈی لینگویج میں زمین آسمان کا فرق تھا، گراؤنڈ میں انہیں ہم پر نفسیاتی برتری حاصل تھی۔ یہ چیز ہمیں نظر آرہی تھی۔
شعیب اختر نے کہا کہ 2019 کا ورلڈ، 2022 کا ورلڈ کپ، ہر سیریز میں یہی ہورہا ہے، کوئی اس پر بولتا نہیں مگر میں سچ بول دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دماغ دیواروں سے ٹکراتے ہیں، کیونکہ ہمارے بیٹر نے ایک طرح بیٹنگ کرنی ہے۔ بیٹنگ انہوں نے ایسے ہی کرنی ہے کہ ان کو آتا ہی کچھ نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *