دبئی میں رہائشیوں کے لیے ویزا امیگریشن کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا


دبئی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات نے دبئی میں رہائشیوں کے لیے ویزا فراہمی کی سہولت کو مزید آسان بنادیا ہے، چند منٹوں میں یو اے ای کے ویزے کی تجدید کی جاسکے گی۔
متحدہ عرب امارات کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز مصنوعی ذہانت سے چلنے والا آن لائن پلیٹ فارم ’سلامہ‘ لانچ کیا ہے، اس سہولت کا اعلان جی ڈی آر ایف اے کے ہیڈکوارٹر الجفیلیہ میں منعقدہ چوتھے سالانہ میڈیا کونسل کے دوران کیا گیا۔
دبئی امیگریشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے اس منصوبے کو دبئی کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
’’سلامہ‘ کے ذریعے رہائشی اپنے اور اہل خانہ کے ویزوں کی منٹوں میں تجدید کرواسکتے ہیں۔ صارفین ’سلامہ‘ پر لاگ اِن کر کے تجدید کی مدت کا انتخاب کرتے ہوئے فیس ادا کرنے کے ساتھ ہی اپڈیٹ شدہ دستاویزات ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم صارفین کو مزید سہولت فراہم کرتا ہے کہ ویزا کی مدت ختم ہونے کی تاریخ سے پہلے ان کو نوٹیفیکشن بھیج کر آگاہ کیا جائے گا کہ ان کے ویزے کی مدت ختم ہونے والی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے ڈیجیٹل سروسز دبئی امیگریشن کرنل خالد الفلاسی کے مطابق’سلامہ‘ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فوری اور درست جوابات فراہم کرتا ہے، جس سے حکومتی سروس کو مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *