سکرین کا روزانہ صرف ایک گھنٹہ استعمال مایوپیا کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے، نئی تحقیق میں انکشاف

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) ڈیجیٹل سکرینز پر زیادہ وقت گزارنے والوں کے لیے ایک اور وارننگ سامنے آئی ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق روزانہ صرف ایک گھنٹہ سمارٹ فون یا ٹیبلٹ کا استعمال بھی نظر کی کمزوری (مایوپیا) کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔ یہ تحقیق “جاما نیٹ ورک اوپن” میں شائع ہوئی ہے۔ اس کے مطابق ہر اضافی گھنٹے کے سکرین ٹائم سے مایوپیا کے امکانات میں 21 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ تحقیق 45 مختلف مطالعات کا تجزیہ ہے جن میں تین لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد شامل تھے۔ ان میں بچے اور نوجوان سبھی شامل تھے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق ایک سے چار گھنٹے تک سکرین ٹائم میں اضافہ ہونے سے مایوپیا کے امکانات تیزی سے بڑھتے ہیں۔ چار گھنٹے سے زیادہ سکرین ٹائم کے بعد خطرہ آہستہ آہستہ بڑھتا ہے۔ اگر سکرین کا استعمال روزانہ ایک گھنٹے سے کم ہو تو اس کا کوئی خاص نقصان نہیں ہوتا، جو ایک ممکنہ محفوظ حد کی نشاندہی کرتا ہے۔ماہرین نے کہا ہے کہ یہ تحقیق آنکھوں کی صحت کے حوالے سے معالجین اور محققین کے لیے رہنمائی فراہم کر سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل سکرینز کے زیادہ استعمال کی وجہ سے مایوپیا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ دیر تک سکرین دیکھنے سے نہ صرف نظر کمزور ہوتی ہے بلکہ دماغی صلاحیت، توجہ مرکوز کرنے کی طاقت اور جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *