کھانا اور دیگر اخراجات، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا جیل کا خرچا جانتے ہیں؟

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان جیل میں کھانے اور دیگر ضروری اخراجات پر ماہانہ 5 لاکھ روپے تک خرچ کرتے تھے جبکہ بشریٰ بی بی کی قید کے بعد یہ اخراجات بڑھ کر 7 لاکھ روپے ماہانہ تک پہنچ گئے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق عمران خان کے جیل میں ماہانہ اخراجات 4 سے 5 لاکھ روپے کے درمیان تھے تاہم بشریٰ بی بی کی آمد کے بعد ان میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔
یہ تمام اخراجات عمران خان کے اہلِ خانہ برداشت کر رہے ہیں، جن میں کھانے پینے کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ عمران خان خود اپنا ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کا مینو طے کرتے ہیں جبکہ ان کا اور بشریٰ بی بی کا کھانا جیل میں ایک علیحدہ کچن میں تیار کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ جیل کے عام مینو کا کھانا پسند نہیں کرتے۔ عمران خان ناشتے میں تازہ جوس اور ناریل کا پانی لیتے ہیں، دن میں تین مرتبہ کافی پیتے ہیں جبکہ ان کے کھانے کو ماہر غذائی ماہرین چیک کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے بانی کو گلابی سالمون مچھلی بہت پسند ہے جبکہ وہ مقامی مرغی کا سوپ بھی لیتے ہیں۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جیل میں اکاؤنٹس موجود ہیں، جن میں رقم ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے جمع کرائی جاتی ہے۔ جب اکاؤنٹ میں رقم کم ہو جاتی ہے تو خاندان کو مطلع کیا جاتا ہے تاکہ مزید رقم جمع کرائی جا سکے۔