کوئٹہ: بلوچستان حکومت کا اپوزیشن کے بیانات کی مذمت


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بعض سیاستدانوں کی جانب سے بلوچستان کے حوالے سے دیے گئے انتشار انگیز اور گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے بلوچستان کی صورتحال پر کئے گئے تبصرے حقیقت کے منافی ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔
ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ آزادی کے بارے میں کی جانے والی باتیں محض افواہوں اور پروپیگنڈے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان پاکستان ہے اور رہے گا۔ بلوچستان کی خوشحالی اور استحکام کی راہ میں روڑے اٹکانے والے عناصر اور ان کے سہولت کار کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ جو لوگ بلوچستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ دراصل بیرونی ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور ان کی جماعت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کو دوبارہ مستحکم ہونے کا موقع ملا۔
انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے درخواست کی کہ وہ اسلام آباد میں بیٹھ کر بلوچستان کے حوالے سے تبصرے کرنے کے بجائے، زمہ دار اپوزیشن لیڈر کے طور پر کوئٹہ آئیں اور حکومت سے دلیل کی بنیاد پر بات کریں۔ شاہد رند نے کہا کہ ایک ذمہ دار سیاسی جماعت یا اپوزیشن لیڈر سے یہی توقع کی جا سکتی ہے، نہ کہ سوشل میڈیا پر من گھڑت بیانیہ بنانے والی جماعت اور اس کے اپوزیشن لیڈر سے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ بلوچستان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور کسی کو بھی اس بات پر خوش فہمی نہیں ہونی چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *