نشے میں دھت دولہے نے دلہن کی سہیلی کو مالا پہنادی، بارات میں ہنگامہ، کرسیاں چل گئیں، شادی منسوخ

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایک شادی اس وقت ہنگامے میں تبدیل ہو گئی جب نشے میں دھت دُلہا نے دُلہن کے بجائے اس کی سب سے قریبی سہیلی کو مالا پہنا دی۔ اس واقعے کے بعد 21 سالہ دُلہن رادھا دیوی نے نہ صرف دُلہے کو تھپڑ رسید کر دیا بلکہ شادی بھی منسوخ کر کے پنڈال سے نکل گئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 26 سالہ دُولہا رویندر کمار اپنی بارات کے ساتھ شادی کی تقریب میں تاخیر سے پہنچا۔ تقریب کے دوران دُولہے کے خاندان نے مزید جہیز کا مطالبہ کیا حالانکہ دُلہن کے والد پہلے ہی شادی سے قبل ڈھائی لاکھ روپے اور شادی کے دن مزید دو لاکھ روپے دے چکے تھے۔ دوسری جانب، ایک اور موقف یہ بھی ہے کہ رویندر کمار کسی اور سے شادی کرنا چاہتا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق دُولہا شراب کے نشے میں تھا اور دُلہن کے اہل خانہ کے ساتھ بدتمیزی کر رہا تھا۔ شادی کی رسومات کے دوران جب مالا پہنانے کا وقت آیا تو وہ نشے کی حالت میں اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا شراب نوشی کر رہا تھا۔ اسی حالت میں اُس نے دُلہن کے بجائے اُس کی قریبی سہیلی کے گلے میں مالا ڈال دی۔ اس پر رادھا دیوی شدید غصے میں آگئیں، دُلہے کو تھپڑ مارا اور شادی چھوڑ کر چلی گئیں۔
اس واقعے کے بعد دونوں خاندانوں میں جھگڑا شروع ہو گیا، اور ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکی گئیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور بارات کو واپس بھیج دیا۔ پولیس نے دُولہے اور اس کے دوستوں کو حراست میں لے لیا اور دُلہن کے خاندان کی بے عزتی اور شادی میں خلل ڈالنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ دُلہے کے خلاف جہیز مانگنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دُولہے کے دوستوں نے غیر قانونی شراب خرید کر اسے پلائی تھی، اس لیے شراب فروش کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔