سلمان خان کے انٹرویو دینے کی وجہ بالآخر انوشے اشرف نے بتا دی

کراچی (قدرت روزنامہ) معروف وی جے، اداکارہ اور میزبان انوشے اشرف نے حال ہی میں ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے پاکستانی ہونے کی وجہ سے انٹرویو کا موقع فراہم کیا تھا۔

انوشے اشرف نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان میں میوزک چینلز کی آمد کے بعد نہ صرف نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے بلکہ یہ ایک سنہری دور تھا، لیکن ان چینلز کی بندش نے کئی فنکاروں کے کاروبار کو متاثر کیا اور ان کی مقبولیت میں کمی آئی۔ یہ وقت بلاشبہ ہم سب کے لیے بہت مشکل تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی بدولت میوزک انڈسٹری دوبارہ بحال ہو رہی ہے اور نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں۔ایک اور دلچسپ انکشاف میں انوشے نے کہا کہ انہیں ڈراؤنی فلمیں بے حد پسند ہیں اور اگر انہیں موقع ملا تو وہ کسی ڈراؤنی فلم یا ڈرامے میں اداکاری کرنا چاہیں گی۔

انوشے نے اپنے سلمان خان کے ساتھ انٹرویو کے تجربے کو بھی یاد کیا اور کہا کہ یہ ان کی زندگی کے بہترین تجربات میں سے ایک تھا۔انوشے اشرف نے بتایا کہ جب وہ بھارت میں موجود تھیں تو انہوں نے سلمان خان کی ٹیم سے انٹرویو کی درخواست کی اور انٹرویو کی غرض سے وہاں شوٹنگ کے مقام پر پہنچ گئیں۔

اس موقع پر تقریباً 100 افراد بھی انٹرویو کے لیے موجود تھے، مگر جب سلمان خان کو یہ پتا چلا کہ انوشے پاکستان سے ہیں تو انہوں نے سب سے پہلے خاص طور پر ان کا انٹرویو کرنے کا فیصلہ کیا۔ انوشے کے مطابق، سلمان خان نے کہا: ”یہ پاکستان سے آئے ہیں، اس لیے یہ ہمارے مہمان ہیں۔“

شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انوشے نے کہا کہ شادی کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر اور اپنے شریک حیات کو اچھی طرح جاننے کے بعد کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ انوشے اشرف نے گزشتہ سال اپنی شادی کی خبر انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ انکا نکاح شہاب رضا مرزا’ نامی شخص کے ساتھ ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *