اداکارہ ریشم کا خلیل الرحمٰن قمر پر ’’بدتمیزی‘‘ کرنے کا الزام

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ریشم نے ڈرامہ نویس اور شاعر خلیل الرحمٰن قمر پر بدتمیزی کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

اداکارہ نے یہ انکشاف اپنے ایک حالیہ وی انٹرویو کے دوران کیا، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور کیریئر کے بارے میں کھل کر بات کی۔ریشم، جو اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہیں، نے انٹرویو میں خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ اپنے ایک تلخ تجربے کو شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح قمر نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں نظرانداز کیا۔

انٹرویو کے دوران ریشم نے اپنی تعلیمی قابلیت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں میٹرک پاس ہوں، لیکن آج اگر میں کہوں کہ میں نے اردو میں گریجویشن کی ہے، تو لوگ یقین کرلیں گے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فلمی سیٹ پر اپنے بڑوں سے اردو کے الفاظ سیکھے ہیں، اور انہیں اس پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں ہمیشہ عاجزی کے ساتھ چلتی ہوں، کیونکہ اللہ کو عاجزی پسند ہے۔‘‘

جب میزبان نے ریشم سے پوچھا کہ اگر ان کی اور خلیل الرحمٰن قمر کی ملاقات ہوجائے تو وہ کیا کریں گی؟ تو ریشم نے ایک پرانی بات یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح قمر نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی۔

انہوں نے بتایا، ’’جب خلیل الرحمٰن قمر کا ڈراما ’’میرے پاس تم ہو‘‘ آن ایئر ہوا، تو میں نے ہمایوں سعید کو اپنے گھر مدعو کیا۔ بعد میں، میں ہمایوں کے ساتھ ایک تقریب میں گئی، جہاں خلیل الرحمٰن قمر بھی موجود تھے۔ میں نے انہیں دیکھ کر سلام کیا، لیکن انہوں نے سلام کا جواب دینے کے بجائے مجھ سے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا، دور ہوجاؤ، میں تم سے بات بھی نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

ریشم نے کہا کہ وہ قمر کو اس کا جواب دے سکتی تھیں، لیکن انہوں نے اپنی عزت کی خاطر خاموشی اختیار کی۔ ان کا کہنا تھا، ’’مجھے اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں، اینٹ سے دینا آتا ہے، لیکن میں نے اسکینڈل سے بچنے کےلیے خاموشی اختیار کی۔‘‘

یہ پہلی بار نہیں ہے جب ریشم نے خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کی ہے۔ ماضی میں بھی انہوں نے قمر کو ماہرہ خان اور نعمان اعجاز کے خلاف دیے گئے متنازع بیانات پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنی صحت پر توجہ دینی چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *