عبادت گاہ میں معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانا بنانا غیر انسانی فعل ہے: وزیر اعلیٰ کے پی کے

پشاور (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر مکمل رپورٹ پیش کی جائے، وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بروقت ریسکیو کرنے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ان کاکہناتھاکہ عبادت گاہ میں معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانا بنانا غیر انسانی فعل ہے، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دلخراش واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ادھر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہاکہ واقعے میں مولانا حامد الحق کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے،مولانا حامد الحق ایک جید عالم دین تھے جن کی اسلام کے لیے بے پناہ خدمات ناقابل فراموش ہیں، مولانا حامد الحق کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔