بھارتی اداکار شاہ رخ خان کا قرض پر سود لینے سے انکار، حرام قرار دے دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے فلم ساز رینو چوپڑا کی فلم ’اتفاق‘ میں لگائی گئی رقم پر سود لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کے لیے یہ رقم ’حرام‘ ہے۔
بھارت کے مرحوم فلم میکر روی چوپڑا کی اہلیہ اور پروڈیوسر رینو چوپڑا نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان نے ان کے بیٹے ابھے چوہدری کی ہدایت میں بننے والی فلم کی مالی معانت کی حالانکہ وہ اس وقت خود بھی مالی مشکلات کا شکار تھے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رینو چوپڑا نے کہا کہ شاہ رخ خان نے 2017 میں ان کی فلم کی حمایت کی، یہاں تک کہ انہوں نے اس فلم کا اسکرپٹ بھی نہیں پڑھا تھا۔ رینو چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ خان سے کہا کہ ’میرے پاس پیسے نہیں ہیں‘ جس کے جواب میں بالی ووڈ کنگ نے کہا ’میں پیسے لگا دوں گا‘۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم بننے کے بعد تمام سرمایہ کارسود کی شرح پر پیسے لیتے ہیں لیکن شاہ رخ نے سود لینے سے یہ کہہ کر انکار کیا کہ یہ میرے لیے حرام ہے اس لیے میں یہ رقم نہیں لوں گا۔
واضح رہے کہ فلم ’اتفاق‘ ابھے چوپڑا کی ڈائریکشن میں بننے والی ان کی ڈیبیو فلم تھی، فلم میں سدھارتھ ملہوترا، اکشے کھنہ اور سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ باکس آفس پر یہ فلم 51.47 کروڑ بھارتی روپے کمانے میں کامیاب ہوئی تھی۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان جلد ہی اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے۔ جس کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے۔ اس فلم میں ان کی بیٹی سہانا خان اور ابھشیک بچن بھی اہم کرداروں میں ہوں گے۔
دبئی کے گلوبل ولیج میں ایک ایونٹ کے دوران شاہ رخ خان نے اس منصوبے کے بارے میں بتایا کہ وہ صرف یہاں شوٹنگ نہیں کر رہے بلکہ چند ماہ بعد ممبئی جا کر بھی شوٹنگ کریں گے۔ اداکار نے مزید کہا کہ ان کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند بہت سخت ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ لوگوں کو فلم کے بارے میں مت بتانا۔ اس لیے ’میں کچھ نہیں بتا سکتا لیکن میں آپ کو یقین دلا سکتا ہوں کہ یہ فلم آپ کو تفریح فراہم کرے گی اور آپ کو مزہ آئے گا‘۔