وفاق میں صوبے کی تعمیر و ترقی سے متعلق اپنا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان
بلوچستان میں مواصلاتی رابطوں کی بہتری اور آبپاشی کے منصوبوں کی جلد تکمیل ضروری ہے،میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت وفاقی پی ایس ڈی پی 2025-26 کے مجوزہ صوبائی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہفتہ کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری بابر خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے آئندہ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں زراعت، آبپاشی، آبنوشی، مواصلات، توانائی اور صحت سمیت دیگر شعبوں کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں ایسے صوبائی منصوبے شامل کیے جائیں جو قابل عمل ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں صوبے کے پسماندہ اضلاع کو ترجیح دی جائے اور ترقیاتی اسکیمات وہی منتخب کی جائیں جن کے براہ راست ثمرات عوام تک پہنچیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں مواصلاتی رابطوں کی بہتری اور آبپاشی کے منصوبوں کی جلد تکمیل ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق میں صوبے کی تعمیر و ترقی سے متعلق اپنا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی منصوبے اور فلاح و بہبود صوبائی ترجیحات میں سرفہرست ہیں صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے، اور ہمارا مقصد ایسے صوبائی ترقیاتی منصوبے پیش کرنا ہے جو صوبے کے عوام کے لیے حقیقی معنوں میں فائدہ مند ہوں۔