عالیہ بھٹ نے بیٹی راہا کی تصویریں سوشل میڈیا سے کیوں ڈیلیٹ کیں؟

ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے بیٹی راہا کپور کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا کر مداحوں کو چونکا دیا ہے۔
بالی وڈ سیلبرٹیز کے ہاں یہ بات بہت عام ہے کہ وہ اپنی اولاد کے پیدا ہونے سے لیکر ایک طویل وقت تک ان کی تصویریں کسی سے شیئر نہیں کرتے اور کسی پبلک مقام پر بھی جاتے ہیں تو اپنی اولاد کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔
پاپارازیوں کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ سیلبرٹیز کڈز کے بچوں کی تصویروں کو حاصل کریں لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوپاتی، رنبیر کپور اور عالیہ نے اپنی بیٹی راہا کی پیدائش کے بعد اس کی تصویر منظر عام پر نہیں آنے دی اور پھر خود ہی بیٹی کی تصویریں شیئر کیں۔
راہا کی تصویروں کا ایشو
تاہم اب چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ عالیہ بھٹ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اور ریڈاٹ سے راہا کی تمام تصویریں ڈیلیٹ کردی ہیں۔
عالیہ بھٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی بیٹی راہا کا چہرہ مزید سوشل میڈیا پر نہیں دکھائیں گی، مداحوں نے نوٹ کیا کہ انہوں نے انسٹاگرام سے راہا کی وہ تمام تصاویر ہٹا دی ہیں جو انہوں نے پہلے پوسٹ کی تھیں، سوائے ان کے جن میں اس کا چہرہ نظر نہیں آتا۔ حیران کن طور پر، ان کے مداح اس فیصلے کی حمایت کر رہے ہیں۔
عالیہ کے پروفائل پر ایک نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اب راہا کی کوئی تصویر موجود نہیں ہے، یہاں تک کہ انہوں نے خاندان کے پیرس ٹرپ کی تصاویر بھی ہٹا دی ہیں۔
تاہم راہا نئے سال کے دن کی فوٹو البم میں نظر آتی ہیں مگر اس کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔
لوگوں کی رائے
سوشل میڈیا سائٹ ریڈٹ پر اس فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا، ایک صارف نے لکھا کہ وہ اس فیصلے کی 100 فیصد حمایت کرتے ہیں، عالیہ کا کبھی فین نہیں رہا، بلکہ ہمیشہ تنقید کرتا رہا ہوں لیکن انٹرنیٹ پر بہت زیادہ عجیب و غریب لوگ ہوتے ہیں، بطور والدین، جو بھی وہ حفاظتی اقدام بہتر سمجھیں، انہیں کرنا چاہیے۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ سچ میں یہ ایک اچھا فیصلہ ہے اور اب امید ہے کہ پاپارازی بھی اسے سمجھیں گے اور انہیں تنگ کرنا بند کر دیں گے، بچوں کی پرائیویسی اور والدین کے فیصلے کا احترام کریں گے۔
ایک اور شخص نے اس فیصلے کے پیچھے ممکنہ وجہ کے بارے میں سوچتے ہوئے لکھا کہ شائد سیف علی خان پر حملے کے واقعے نے ان پر گہرا اثر ڈالا ہے جبھی انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے،انہوں نے پاپارازی کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ وہ راہا کی تصویریں نہ کھینچیں، ان کے لیے یہ اچھا فیصلہ ہے۔
جنوری میں، اداکار سیف علی خان پر ان کے گھر میں حملہ کیا گیا تھا جب وہ اپنے بیٹے جے کو ایک حملہ آور سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
حال ہی میں ایک پاپارازی ویڈیو میں عالیہ کو میڈیا کے پاس جاتے ہوئے اور ان سے کیمرے بند کرنے کا کہتے ہوئے دیکھا گیا،تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہوں نے میڈیا سے کیا گفتگو کی۔
مداحوں کا قیاس ہے کہ شاید انہوں نے راہا کی مزید تصویریں نہ کھینچنے کی درخواست کی ہوگی۔
اس کے علاوہ ایک حالیہ تقریب کے بعد رنبیر کی بھانجی، سمائرا کو سوشل میڈیا پر بدتمیز اور غیر مہذب کہا گیا، جب وہ بظاہر اپنی دادی، نیتو کپور کو فریم سے باہر دھکیلتی نظر آئیں،تاہم ان کی والدہ ردھیما نے وضاحت کی کہ یہ محض غلط فہمی ہے اور ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔
راہا 2022 میں پیدا ہوئی تھیں اور عالیہ رنبیر نے اسے پہلی بار 25 دسمبر 2023 کو دنیا کے سامنے متعارف کروایا تھا، تب سے راہا نے کئی پیاری جھلکیاں دکھائی ہیں اور اس کے خوبصورت تاثرات ہمیشہ سوشل میڈیا پر دل جیت لیتے ہیں۔