باسمتی چاول سے لدا پاکستانی جہاز آئندہ ہفتے بنگلہ دیش کی مونگلا بندرگاہ پہنچے گا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بنگلہ دیش کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان سے چاول لے کر ایک مال بردار بحری جہاز اس ہفتے کھلنا شہر مونگلا کی بندرگاہ پہنچنے والا ہے۔
25 میٹرک ٹن باسمتی چاول سے لدا پاکستانی فاگڈ کیریئر جہاز چند روز قبل کراچی کی بن قاسم بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا اور توقع ہے کہ وہ دو یا تین دن میں چٹاگانگ بندرگاہ پر لنگر انداز ہو جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ چٹاگانگ بندرگاہ پر 60 فیصد چاول اتارنے کے بعد بقیہ چاول کی مقدار کے ساتھ جہاز مونگلا کی بندرگاہ کی طرف روانہ ہو جائے گا۔
مونگلا بندرگاہ کھلنا شہر کی ایک سمندری بندرگاہ ہے، جو خلیج بنگال کے شمالی کنارے پر واقع ہے، یہ چٹاگانگ کی بندرگاہ کے بعد بنگلہ دیش کی دوسری سب سے بڑی اور دوسری مصروف ترین بندرگاہ ہے۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے 50 باسمتی چاول درآمد کرنے کے لیے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان حکومتی سطح پر گزشتہ ماہ کے آغاز میں ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔
معاہدے کے مطابق چاول کی پہلی کھیپ بنگلہ دیش کے لیے روانہ کردی گئی ہے جبکہ دوسری کھیپ رواں ماہ کے آخر میں آنے کی امید ہے۔
کھلنا کے کنٹرولر آف موومنٹ اینڈ پرزرویشن آفس کے ڈپٹی کنٹرولر اندرجیت سرکار نے کہا کہ 25 میٹرک ٹن چاول میں سے 40 فیصد کو مونگلا بندرگاہ پر اتارا جائے گا، کھلنا ضلع کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر طیب الرحمان کے مطابق بویرا اور مہیشورپاشا کے مرکزی گودام میں 47 ہزار میٹرک ٹن چاول موجود ہے۔
بنگلہ دیشی اہلکاروں کے مطابق دونوں گوداموں کی مجموعی گنجائش ایک لاکھ میٹرک ٹن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *