’میں نے باڈی شیمنگ نہیں کی‘، روہت شرما کو موٹا کہنے پر کانگریس رہنما پر تنقید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو اپنی ایکس پوسٹ میں موٹا کہنے پر کانگریس رہنما شمع محمد کو تنقید کا سامنا ہے۔
اپنی پوسٹ پر وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری ایکس پوسٹ ایک کھلاڑی کی فٹنس پر عام سا تبصرہ تھا، یہ باڈی شیمنگ نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ کھلاڑیوں کو فٹ ہونا چاہیے، اور مجھے لگا کہ وہ (روہت شرما) کا وزن کچھ زیادہ ہے۔
شمع محمد نے کہا کہ مجھ پر بغیر کسی وجہ کے تنقید کی جارہی ہے، میں نے ان کا دوسرے بھارتی کپتانوں سے موازنہ کرکے پوسٹ کی تھی اور یہ میرا حق ہے۔
واضح رہے کہ شمع محمد نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے روہت شرما کو موٹا قرار دے کر کہا تھا کہ وہ بھارت کا سب سے غیر متاثرکن کپتان ہیں۔
شدید تنقید کے بعد کانگریس نے خود کو شمع محمد کی پوسٹ سے لاتعلق کرکے انہیں اسے ڈیلیٹ کرنے کا کہا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی پوسٹ ہٹادی۔