’کوئی کسی پر کیس نہیں کر رہا، سب مذاق تھا‘، وسیم اکرم کی مشتاق احمد کی ویڈیو پر وضاحت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ بنگلا دیشی بولنگ کوچ مشتاق احمد کی ویڈیو پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کوئی کسی پر کیس نہیں کر رہا انہوں نے ہی مشتاق احمد کو ویڈیو بنانے کا کہا تھا جو مذاق تھا لیکن سب نے اسے اصلی سمجھ لیا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ وہ صرف مذاق کا حصہ تھا اور نیوز چینلز نے اس خبر کو بغیر تصدیق کے لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز پر یقین نہ کریں بلکہ پہلے اس کو ڈبل چیک کر لیں کہ کیا یہ درست خبر ہے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وکیل مشتاق احمد کو فون کر کے کہہ رہے تھے کہ وہ ان کا کیس فری میں لڑیں گے۔
وسیم اکرم کی وضاحت پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ پروگرام اچھا چل رہا ہے تو اس حماقت کی کیا ضرورت تھی۔ زیادہ سے زیادہ ناظرین اور دلچسپی حاصل کرنے کے لیے یہ سب کیا گیا۔ اس عمل کو عوامی زبان میں ’اڑتا تیر لینا‘ کہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے مایاناز اسپنر مشتاق احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس پر ہراسمنٹ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگوں نے میرے کیریئر کو خراب کیا ہے جس کے خلاف وہ عدالت جائیں گے اور ساتھ یہ بھی اعلان کیا کہ وہ وقار یونس پر 20 کروڑ جبکہ وسیم اکرم پر 15 کروڑ ہرجانے کے نوٹس بھجوا رہے ہیں اور اب دونوں سے عدالت میں ہی ملاقات ہوگی۔
مشتاق احمد نے یہ بھی کہا کہ وسیم اکرم انہیں پریکٹس کرانے کے بہانے لے جاکر باونسر مارتے تھے جس سے انہوں نے اپنا اعتماد کھو دیا، ورنہ وہ پاکستان کے بہترین آل راؤنڈر بن سکتے تھے، لہٰذا اب وہ ان پر ہرجانے کا دعویٰ کریں گے۔
ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ آپ نائٹ واچ مین کے لیے بنے ہی نہیں تھے، جب بھی آپ کو بھیجا آپ نے ہمیشہ ’انڈہ‘ اسکور کیا، اس لیے آپ سے کورٹ میں ہی ملاقات ہوگی۔