اشتہاری ملزم ارمغان کے خلاف اب تک کتنے مقدمات درج ہوچکے ہیں؟

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے مشہور مصطفیٰ عامر قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے خلاف اب تک 11 مقدمات درج ہوچکے ہیں جن میں سے 2 میں صلح نامہ کیا جاچکا ہے۔
ملزم ارمغان پر کراچی کے ساحل تھانے میں شہری کو دھمکانے کا مقدمہ 2019 میں درج ہوا تھا مگر اس مقدمے میں فریقین کے مابین صلح ہوگئی جس کے بعد یہ مقدمہ بھی ختم ہوگیا اور ملزم کی رہائی بھی عمل میں آگئی۔
اس کے علاوہ ارمغان پر ایک مقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے اور ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شہری کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور ہوائی فائرنگ کی۔ اسی طرح ایک اور مقدمہ گزری تھانے میں درج ہے جس میں ارمغان پر یہ الزام ہے کہ اس نے گاڑی فروخت کے تنازع پر شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دھوکا دیا۔
مزید مقدمات کی بات کریں تو ٹینکر پر فائرنگ اور ٹائر برسٹ کرنے کے الزام کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج تھا، تام بعد ازاں ملزم ارمغان اور مدعی کے درمیان صلح ہوگئی جس کے بعد ملزم بری ہوچکا ہے۔ ارمغان کے خلاف ایک اور مقدمہ وکیل کو دھمکیاں دینے کے خلاف ہے جو بوٹ بیسن تھانے میں درج ہے۔ بوٹ بیسن تھانے میں درج مقدمے میں ملزم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ اسی طرح ملزم کے خلاف مصطفیٰ عامر کے اغوا کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے جبکہ پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کا ایک اور مقدمہ اے وی سی سی تھانے میں درج ہے۔
ارمغان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 2 مقدمات بھی اے وی سی سی میں تھانے میں درج ہیں، اس کے علاوہ کوریئر کے ذریعے منشیات منگوانے کی کوشش کے 2 مقدمات بھی درج ہیں اور عدالت نے ملزم ارمغان کو 15 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور اسی دن ملزم کے خلاف درج مقدمات کا رکارڈ عدالت میں دیا جائے گا۔