شادی کے 2 دن بعد ہی دلہن نے بچے کو جنم دے دیا، ہنگامہ برپا ہوگیا

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست اتر پردیش میں شادی کے دو دن بعد ہی دلہن کے ہاں بچے کی پیدائش کے بعد ہنگامہ برپا ہوگیا۔ دولہا کی بہن نے الزام لگایا کہ دلہن نے جان بوجھ کر اپنا بیبی بَمپ ایسے لہنگے میں چھپایا کہ اسے پہچاننا ممکن نہ ہو۔ دولہے کی بہن کے مطابق دلہن نے لہنگا کمر سے اوپر اس طریقے سے پہنا ہوا تھا کہ جس سے کوئی بھی اندازہ نہیں لگا سکتا تھا کہ یہ حاملہ ہے۔

نیوز 18 کے مطابق شادی کے بعد صرف دو دن کے اندر ہی دلہن کو شدید تکلیف ہونے لگی اور جب اسے ہسپتال لے جایا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ زچگی کے مراحل میں ہے۔ اس خبر نے دولہا اور اس کے اہل خانہ کو صدمے میں مبتلا کر دیا، جن کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ دلہن پہلے سے حاملہ تھی۔

دولہا کی بہن نے الزام لگایا کہ دلہن نے شادی کے دوران اپنا بیبی بمپ چالاکی سے لہنگے کے ذریعے چھپایا تھا، جس کی وجہ سے کسی کو بھی شک نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دلہن نے لہنگا کمر سے اوپر تک پہن رکھا تھا اور انہیں لگا کہ شاید وہ سردی کی وجہ سے ایسا کر رہی ہے، اس لیے کسی نے اس معاملے پر زیادہ توجہ نہیں دی۔

یہ شادی 24 فروری کو ہوئی تھی اور اگلے دن دلہن کو سسرال لے جایا گیا جہاں روایتی “مُنہ دکھائی” کی رسم ادا کی گئی۔ 26 فروری کی صبح دلہن نے گھر کے افراد کو چائے پیش کی لیکن شام ہوتے ہی اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ جب اسے ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ حاملہ ہے اور زچگی کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ صرف دو گھنٹے کے اندر ہی دلہن نے ایک بچے کو جنم دیا۔

دولہا کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے شادی سے پہلے دلہن کے ماضی کے بارے میں کوئی شک نہیں کیا تھا، جبکہ دلہن کے والدین کا دعویٰ ہے کہ لڑکی اور لڑکے کے درمیان پہلے سے رابطہ تھا اور ان کی شادی مئی 2023 میں طے ہو چکی تھی۔ تاہم دولہا نے اس دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ شادی اکتوبر میں طے پائی تھی اور اس نے دلہن کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی۔

اب دولہا کے خاندان نے مطالبہ کیا ہے کہ دلہن بچے کے والد کے بارے میں سچ بتائے، جبکہ دولہا نے اس شادی کو مسترد کرتے ہوئے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *