بنوں کینٹ حملہ: مسجد کی چھت گرنے سے نمازیوں کی شہادتیں ہوئی ہیں، خیبرپختونخوا حکومت


خیبرپختونخوا(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے بنوں کینٹ پر حملہ ناکام ہوگیا ہے، تاہم دھماکوں کے باعث کینٹ سے ملحقہ عمارتوں کی چھتیں گر گئیں، اور مسجد کی چھت گرنے سے نمازیوں کی شہادتیں ہوئی ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشتگرد حملے میں ناکام رہے، اور تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دھماکوں کے نتیجے میں قریبی مسجد کی چھت گرنے سے نمازیوں کی شہادتیں ہوئی ہیں، تاہم واقعے میں شہید ہونے والوں کی کل تعداد کا تعین کیا جارہا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہاکہ دہشتگردی کا یہ واقعہ افسوسناک ہے، ملک دشمنوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی انکوائری کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ صوبائی حکومت شہدا اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں سیکیورٹی ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بنوں کینٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *