کوئٹہ شہر میں ایک جدیدآئی ٹی پارک قائم کیا جائیگا، گورنر بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارا مقصد کوئٹہ شہر میں ایک جدید “آئی ٹی پارک” قائم کرنا ہےجو ہماری جدید ضرورتوں کے مطابق تکنیکی جدت اور پیشرفت کیلئے ایک مرکز فراہم کرے۔ ڈیجیٹل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آغاز نے ایک تیز رفتار تبدیلی کے دور کا آغاز کیا ہے جہاں نئے انسانی رویے تشکیل ہو رہے ہیں اور چیزوں کو جانچنے اور پرکھنے کے نقطہ نظر بھی تبدیل ہو رہے ہیںتاہم ہمارے قلیل وسائل اور مسائل کی کثرت ایک بڑھتے ہوئے بحران سے بچنے کیلئے جامع حکمت عملی کا تقاضا کرتی ہے۔ واضح رہے کہ ہماری بروقت دانشمندانہ منصوبہ بندی ہی ہمیں ایک بھیانک مستقبل سے بچا سکتی ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیس گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راحیل جمیل کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری شعوری کاوشوں اور بھرپور توجہ سے پورے صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کو پروان چڑھا ہے.یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری گیارہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں اس وقت سینکڑوں انٹرنیشنل سطح کے پی ایچ ڈی اسکالرز، ریسرچرز اور ماہرین تعلیم موجود ہیں جن کے علم اور تجربہ سے فائدہ اٹھا کر ہم ایک روشن اور محفوظ مسقبل کی نئی راہیں متعین کر سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ جوں جوں ہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹک ٹیکنالوجی کے دور میں قدم رکھ رہے ہیں یہ حقیقت عیاں ہو رہی ہےکہ ذہنی صلاحیت ہی جسمانی طاقت پر حاوی ہوتی جا رہی ہے اور یہ پل پل بدلتا ہوا منظرنامہ بہت جلد ہماری روایتی سوچ و اپروچ کو غیرموثر اور غیر متعلق بنا دیگا۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس وقت من حیث القوم دو مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہیں ایک جدت پسندی کو اپنانا جبکہ دوسرا فرسودہ روایتی عادات و طریقہ کار کو ہمیشہ کیلئے ترک کرنا ہے.بہرحال مفاد عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم باہمی افہام و تفہیم، عوام دوست پالیسیوں اور دانشمندانہ منصوبہ بندی سے کئی چیلنجوں پر بآسانی قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *