‘مجھے بلیک میل کر کے سمگلنگ کروائی گئی’ 15 کلو سونے کے ساتھ پکڑی جانے والی اداکارہ کا بیان

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) کنڑ فلموں کی معروف اداکارہ رانیا راؤ کو بینگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سونا سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں بلیک میل کر کے سونے کی سمگلنگ پر مجبور کیا گیا۔

گرفتاری کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) نے ان کی رہائش گاہ، نندوانی مینشن، لاویل روڈ پر چھاپہ مارا، جہاں سے 2.67 کروڑ روپے نقد اور 2.06 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کیے گئے۔ حکام نے تلاشی کے دوران ان کے گھر سے تین بڑے ڈبے بھی قبضے میں لے لیے۔ مجموعی طور پر اس کیس میں 17.29 کروڑ روپے کی ضبطی عمل میں آئی۔

رانیا راؤ دبئی سے ایمریٹس فلائٹ کے ذریعے بینگلورو پہنچی تھیں ۔ انہوں نے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی چیک سے بچنے کی کوشش کی۔ ان کے ہمراہ پولیس کانسٹیبل بسوراجو بھی موجود تھا جس پر الزام ہے کہ اس نے انہیں ایئرپورٹ سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔ تاہم ڈی آر آئی کو پہلے سے ہی ان کی سرگرمیوں کی اطلاع تھی، اور جیسے ہی وہ سونا لے کر نکلنے لگیں، انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ دورانِ تلاشی حکام کو ان کی جیکٹ کے اندر سے 14.8 کلو غیر ملکی سونا ملا جس کی قیمت 12.56 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

رانیا راؤ کو فوری طور پر مزید تفتیش کے لیے ناگاوارا میں واقع ڈی آر آئی کے دفتر لے جایا گیا۔ وہ کنڑ اور تمل فلموں میں کام کر چکی ہیں اور کرناٹک سٹیٹ پولیس ہاؤسنگ کارپوریشن کے ڈی جی پی کے رامچندر راؤ کی سوتیلی بیٹی ہیں۔ حکام کو شبہ ہے کہ اداکارہ حالیہ مہینوں میں اپنے شوہر جتن کے ساتھ دبئی کے متعدد دورے کر چکی ہیں، حالانکہ وہاں ان کا کوئی کاروبار یا خاندانی تعلق نہیں تھا۔ مزید تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایئرپورٹ پر انہیں کئی بار پولیس اہلکاروں کی مدد حاصل رہی، جس کے ذریعے وہ سیکیورٹی چیک سے بچنے میں کامیاب ہوئیں۔

اداکارہ کے حالیہ غیر ملکی دوروں کو بھی تحقیقات کے دائرے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ان کے شوہر جتن سے بھی جلد پوچھ گچھ کیے جانے کا امکان ہے۔ رانیا راؤ کو 14 دن کے لیے جوڈیشل کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے اور وہ اس وقت تحقیقات کے تحت پرپنا اگراہارا جیل کی قرنطینہ سیل میں قید ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *