شہری بینک لاکر میں 15 برس سے کروڑوں کی اشیا جمع کرتا رہا، جب نکالنے آیا تو لاکر سے کیا نکلا؟


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک بینک میں مبینہ چوری کا بڑا واقعہ پیش آیا ہے جہاں لاکرز میں شہری کی طرف سے جمع کیا گیا قیمتی سامان غائب ہوگیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بینک کے لاکر سے شہری کی 10 کروڑ روپے مالیت کی جیولری اور دیگر سامان چوری کرلیا گیا، شہری نے 6 فروری کو لاکر استعمال کیا، جب 19 فروری کو دوبارہ بینک پہنچا تو لاکر کا بکس ہی مکمل طور پر غائب تھا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
متاثرہ شہری نے بتایا ہے کہ وہ جولائی 2010 سے لاکر آپریٹ کررہا ہے اور اب تک مختلف وقتوں میں ڈائمنڈ سیٹ، گولڈ سیٹ، برانڈڈ گھڑیاں اور غیر ملکی کرنسی لاکر میں رکھتا رہا ہے۔ آخری مرتبہ 6 فروری کو لاکر میں سامان رکھا تھا، اس کے بعد جب 19 فروری کو بینک پہنچا تو لاکر میں سامان سے بھرا بکس مکمل طور پر غائب تھا۔
متاثرہ شہری نے خالی لاکر دیکھنے کے بعد فوری طور پر بینک کے عملے کو آگاہ کیا، جب تلاش شروع کی گئی تو زیورات کے خالی پاؤچز بینک کی چھت کی فارسیلنگ سے ملے، متاثرہ شہری کے مطابق انہوں نے واقعے سے متعلق درخشاں تھانے میں ایف آئی آر درج کرادی ہے جبکہ اس کے علاوہ ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو بھی خط لکھ دیے ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ علی حسن کے مطابق متاثرہ شہری سے واقعے کی تمام تر تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ بینک کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے، تحقیقات کے دوران اگر ضرورت محسوس کی گئی تو ایف آئی آر میں مزید دفعات بھی شامل کی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *