کیا کوئٹہ کا رمضان سستا بازار عوام کو ریلیف فراہم کر پائے گا؟

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شہر کہ 3 مختلف مقامات پر سستا بازار لگانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب تک صرف شہر کے جوائنٹ روڈ پر ہی رمضان سستا بازار لگایا جا سکا ہے۔ اس سستے بازار میں مرغی اور بڑے جانور کے گوشت سمیت دالیں، دودھ، سبزیاں اور بیکری کی اشیا دستیاب ہیں۔
کوئٹہ کے شہری کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہر سال ماہ صیام میں سستا بازار لگایا جاتا ہے، اس بار بھی سستا بازار جوائنٹ روٹ پر لگایا گیا ہے جس میں اشیا خور ونوش موجود ہیں، جن کی قیمت بھی مارکیٹ سے 10-20 روپے کم رکھی گئی ہے، تاہم اگر بات کی جائے کوالٹی کی تو اشیا کی کوالٹی بہتر نہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کے سبب لوگ ان غیر معیاری اشیا کو خریدنے پر مجبور ہیں، سستے بازار میں ملنے والا دودھ، دودھ نہیں بلکہ پانی ہے، ان کے مرغی اور بڑے جانور کے گوشت کا معیار بھی بہتر نہیں، البتہ سبزیاں بہتر معیار کی ہیں، لیکن ان کی قیمتوں میں صرف 10 سے 20 روپے ہی کا فرق ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ماہ صیام میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔