44 سال قبل کھوئی انگوٹھی میلوں دور ایک باغ میں کیسے ملی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسوری کے ایک شخص کو اپنے باغ کی دیکھ بھال کے دوران کسی شخص کی سنہ 1981 میں کھوجانے والی انگوٹھی مل گئی۔
نیل لینس ڈاؤن نے کہاکہ وہ راک پورٹ کے قریب اپنے باغ میں کام کررہا تھا جب اس نے مٹی و کچرے کے ڈھیر میں ایک چمکتی ہوئی چیز دیکھی جسے صاف کرنے کے بعد پتا چلا کہ یہ تو سنہ 1978 کی اوماہا نارتھ ویسٹ ہائی اسکول کے کسی طالبعلم کی ہے۔ اس انگوٹھی پر اسکول و تاریخ کے علاوہ اس شخص کا نام ’کیری کروکر‘بھی لکھا ہوا تھا۔
نیل نے کہاکہ یہ ایک عجیب بات ہے کہ وہ انگوٹھی اوہاما سے تقریباً 70 میل دور مسوری کے راک پورٹ میں واقع ان کے باغ میں کیسے پہنچ گئی۔
انہوں نے کہاکہ مجھے کوئی انعام نہیں چاہیے میں تو بس صرف یہ جان کر اطمینان چاہتا ہوں کہ انگوٹھی کے مالک نے اپنی انگوٹھی میرے باغ میں کیسے کھوئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ مجھے یہ انگوٹھی اس کے اصل مالک کو لوٹا کر بے حد خوشی ہوگی۔
اوماہا نارتھ ویسٹ فاؤنڈیشن نے سوشل میڈیا پر انگوٹھی کے مالک کیری کروکر کی تلاش کا آغاز کیا لیکن انہیں آن لائن کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ تاہم کیری کروکر ایک ٹی وی نیوز رپورٹ میں اپنی انگوٹھی کے بارے میں جان کر نیل تک پہنچ گیا۔
کیری کروکر اب فلوریڈا میں رہتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ انگوٹھی سنہ 1981 کے آس پاس غائب ہوگئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی پتا نہیں ہے کہ یہ مجھ سے کیسے دور ہوئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ انہیں کوئی آئیڈیا نہیں کہ وہ انگوٹھی کہیں رکھ کر بھول گئے تھے یا کسی نے اس کو چرالیا تھا۔
کیری کروکر نے کہاکہ وہ کبھی بھی راک پورٹ نہیں گئے، ہاں لیکن ان کے خاندان کے افراد انگوٹھی کھونے کے موقعے پر اوماہا میں پھولوں اور گملوں کی دکان چلاتے تھے اور وہ بھی وہاں جایا کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس لیے ہو سکتا ہے کہ انگوٹھی گملے یا مٹی میں گر گئی ہو اور وہاں سے کسی طرح راک پورٹ پہنچ کر نیل کے باغ جا پہنچی ہو۔