کہتے تھے ٹرمپ آئیں گے تو بانی پی ٹی آئی باہر آ جائیں گے، اب وہ ٹرمپ کی تعریف پر ناراض ہیں، رانا ثنااللہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ہمیں خود کو ایک آزاد ملک کے طور پر کھڑا کرنا چاہیے۔ پہلے کچھ لوگ کہتے تھےکہ ٹرمپ آئیں گے تو بانی پی ٹی آئی باہر آ جائیں گے، بدقسمتی ہے ٹرمپ کی جانب سے تعریف پر ایک خوش تو ایک ناراض ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجودہ صورتحال کے ذمہ دار امریکا اور مغربی ممالک ہیں، انہیں پاکستان کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے۔افغانستان میں صورتحال سے پاکستان نبردآزما ہے یہ ہماری پیدا کردہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے دہشتگردی پوری دنیا میں پھیلے گی، پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف کوئی ابہام نہیں۔ پاکستان دہشتگردی کے خلاف بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ قوم ہر روز دہشتگردی کے خلاف جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اور دوسرے ادارے ملک کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔ مولانافضل الرحمان آئین و قانون کے دائرے میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ حکومت نے کب ڈائیلاگ سے انکار کیا؟ ہم تو کہتے ہیں کہ کسی کو مسائل ہیں تو آئیں بیٹھ کر بات کریں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم پیپلزپارٹی کیساتھ اور وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ ملک کو بڑی مشکل سے ڈیفالٹ سے باہر نکالا ہے۔ 1991 کے ریکارڈ کے مطابق ہر صوبے کا پانی مقرر ہے۔ پنجاب اپنے حصے کے علاوہ سندھ کا ایک قطرہ پانی نہیں لیتا۔