کوئٹہ شہر میں سونے، جیولری اور جیمز سے وابستہ کاروباری حضرات کا کلیدی کردار ہے ،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر میں سونے، جیولری اور جیمز سے وابستہ کاروباری حضرات کا کلیدی کردار ہے اور ہم بڑے پیمانے پر ان دستیاب مواقعوں کو بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔ہمیں سونے اور زیورات سے وابستہ تمام تاجروں اور صرافہ ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل کا احساس ہیںاور ہم آپ کی حفاظت اور سلامتی کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں اور تاجروں بشمول صرافہ ایسوسی ایشن کی مکمل حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے اور تاجروں کے قتل اور اغواء میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی. یہ بات انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صدر محمد حسین صراف اور چیئرمین عادل داود راجپوت کی قیادت میں صرافہ ایسوسی ایشن بلوچستان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی.ملاقات کے دوران صرافہ ایسوسی ایشن کے مسائل اور بولیئن مارکیٹ کے قیام کی ضرورت سمیت مصور کاکڑ کی بازیابی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا.اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سنار کے طور پر آپ نہ صرف خوبصورتی کے تخلیق کار ہیں بلکہ ہماری شاندار ثقافت کے محافظ بھی ہیں۔متعلقہ لوگوں کی مہارتوں کو اپ گریڈ کرنے اور جواہرات، زیورات اور سونے کی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے مارکیٹ کے بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق ڈھالنے میں ان کی مدد کرنے کیلئے مختلف تربیتی پروگراموں کی بھی ضرورت ہے۔ہمارا مقصد ایک ایسا تجارت دوست ماحول پیدا کرنا ہے جو کوئٹہ کے زیورات اور سونے کی تجارت میں تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے ترقی، جدت اور کامیابی کو فروغ دیتا ہے۔