ملک میں موسم سرد رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک میں موسم سرد رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے تاہم ملک کے وسطی/جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔دن کے اوقات میں جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے، مری، گلیات اور گرد و نوا ح میں موسم سرد جبکہ رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شمالی اضلاع میں سرد رہنے اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کاامکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اورخشک رہنے کی توقع ہے۔