پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے خفیہ مذاکرات، عمران خان کی رہائی کب متوقع؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پس پردہ رابطے جاری ہیں جن کا مقصد پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی کو ممکن بنانا ہے۔
جیو نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ ایک سینئر پی ٹی آئی رہنما نے کیا ہے جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور عمران خان کی رہائی کیلئے سرگرم ہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر رہنما کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت اس بات پر متفق ہے کہ عمران خان کی رہائی اسٹیبلشمنٹ کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں۔
بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈا پور مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں تاہم اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ براہ راست ملاقاتیں اب تک نہیں ہوئیں۔ اس کے باوجود دونوں رہنما پرامید ہیں کہ جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ رپورٹ میں اس بات کا عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کامیاب ہو جاتی ہے تو پی ٹی آئی کے بانی کو خاطر خواہ ریلیف مل سکتا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور پارٹی کو امید ہے کہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔