سلمان اکرم کی بات ساتھ چلنے اور ساتھ چلانے والی نہیں، جے یو آئی سینیٹر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جے یو آئی ف کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا نے اتحاد سے متعلق جو بات کی ہے وہ ساتھ چلنے والی اور ساتھ چلانے والی دوستوں کی بات نہیں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا ممکن ہے ہم اسٹیبلشمنٹ سے ہاتھ ملانے کی خواہش کے بغیر آگے بڑھنے کا سوچ رہے ہوں۔
ان کا کہنا تھا ہم نہ اپنی بارگیننگ پوزیشن بڑھانا چاہتے ہیں اور نہ کسی اور کی بارگیننگ پوزیشن بڑھانا چاہتے ہیں۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی جنید اکبر کا کہنا تھا ہماری خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ چلیں لیکن مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی سے کچھ تحفظات ہیں اور ہماری جماعت کو بھی ان سے کچھ تحفظات ہیں۔
جنید اکبر کا کہنا تھا ہم مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنا چاہتے ہیں، عمران خان سے ملاقات میں دونوں جماعتوں کا مؤقف ان تک پہنچائیں گے۔
گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا میں یہ کبھی نہیں کہوں گا کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہیں، رابطے ہوتے ہیں بالواسطہ اور بلاواسطہ بھی ہوتے ہیں۔
صدر پی ٹی آئی کے پی جنید اکبر کا کہنا تھا اداروں سے رابطوں پر ہمیں کوئی شرم بھی نہیں کیونکہ ہمارے اپنے ادارے ہیں، بات یہ ہےکہ عوام اور اداروں کے مابین فاصلے نہیں بڑھنے چاہئیں، ہم کسی کے ساتھ نہیں ٹکرائے ہمارے ساتھ لوگ ٹکرائے ہیں۔