امریکا اور پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مشترکہ مفادات رکھتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکا نے افغانستان میں 13 امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد کی گرفتاری اور حوالگی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیملی بروس نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ مفادات رکھتے ہیں۔
بدھ کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے 2021 کے کابل ایئرپورٹ حملے میں ملوث اہم دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد فراہم کی۔
صدر ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہاکہ تین سال قبل ایک دہشت گرد نے ایبی گیٹ بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں اور بے شمار دیگر افراد کو ہلاک کیا تھا۔
آج رات میں یہ اعلان کرتے ہوئے خوش ہوں کہ ہم نے اس وحشیانہ حملے کے مرکزی دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے اور وہ اب امریکی انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔”
یہ حملہ اگست 2021 میں افغانستان سے امریکی افواج کے افراتفری کے عالم میں انخلا کے دوران ہوا تھا جس میں 13 امریکی فوجیوں سمیت تقریباً 170 افغان شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
ٹیملی بروس نے مزید کہا کہ ہم محمد شریف اللہ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں شراکت پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا مشترکہ مفاد ہے اور اس دہشت گرد کی گرفتاری اس بات کی مثال ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی میں تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔